پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان اہم تکنیکی مذاکرات کل سے سوئٹزرلینڈ میں شروع ہوں گے

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد ہونے والی پیش رفت کے سلسلے میں امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے اہم مذاکرات کل 21 جون کو برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ میں منعقد کیے جائیں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ان مذاکرات میں امریکہ اور ایران کے نمائندے شرکت کریں گے جبکہ پاکستان اور قطر بطور ثالث اس عمل کا حصہ ہوں گے۔

پاکستان ثالث کے طور پر اپنے کردار کے تحت اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں کو آگے بڑھانے کے لیے اس عمل میں اپنی سہولت کاری جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ ایران امن معاہدے پر عالمی میڈیا پرپاکستان کی بہترین سفارتکاری کی دھوم،وزیراعظم اورفیلڈمارشل کی مدبرانہ کاوشوں کوسراہاگیا

دوسری جانب عرب نیوز چینل العربیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی آج ایک ساتھ ان مذاکرات میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوں گے۔ اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی ایک اہم ترین دورے پر تہران پہنچے جہاں انہوں نے سوئٹزرلینڈ مذاکرات کے حوالے سے اہم ملاقاتیں کیں ۔

دوسری جانب مذاکرات کے حوالے سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے مذاکرات کل متوقع ہیں اور اس سلسلے میں چیزیں بالکل ٹھیک جا رہی ہیں۔

انہوں نے تصدیق کی کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر ایران سے مذاکرات کے لیے سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں جبکہ ان کا اپنا بھی آئندہ 2 روز میں سوئٹزرلینڈ جانا متوقع ہے۔

Scroll to Top