ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ تہران اور دبئی کے درمیان فضائی پروازیں یکم جولائی سے دوبارہ بحال کر دی جائیں گی۔
اتھارٹی کے مطابق یہ فیصلہ فضائی آپریشن اور سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے جس کا مقصد مرحلہ وار فضائی نظام کو معمول پر لانا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ تمام اداروں اور ایئرلائنز کو ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پروازوں کے اوقات اور شیڈول کی تصدیق ضرور کرلیں، ابتدائی مرحلے میں شیڈول میں معمولی رد و بدل کا امکان موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا اور ایران پھر آمنے سامنے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ
حکام کے مطابق فضائی آپریشن کو مرحلہ وار مکمل طور پر بحال کیا جائے گا جبکہ مسافروں کی سہولت، حفاظت اور بین الاقوامی سفری روابط کی بحالی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
پروازوں کی بحالی سے ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی، سیاحتی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔





