رکن اسمبلی خیبرپختونخوا سجاد بارکوال اپنی ہی حکومت پر برس پڑے، بجٹ کے اعداد و شمار پر غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

پاکستان تحریک انصاف کے بعض ناراض ارکان نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اپنی ہی حکومت پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے ضمنی بجٹ پر شدید اعتراضات اٹھا دیے۔

رکن صوبائی اسمبلی سجاد بارکوال نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے ضمنی بجٹ میں مزید فنڈز مختص کرنے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا اور 121 ارب روپے کے ضمنی بجٹ کو قومی خزانے پر ڈاکہ قرار دیا۔

سجاد بارکوال نے مطالبہ کیا کہ ضمنی بجٹ کے اعداد و شمار کی باقاعدہ جوڈیشل انکوائری کرائی جائے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔

سجاد بارکوال کا کہنا تھا کہ ہم بجٹ تو پاس کریں گے لیکن اسے تسلیم نہیں کرتے، کیا ہمیں ہر وقت خان صاحب کے نام پر بلیک میل کیا جائے گا؟ کیا خان صاحب کے وژن کا نام لے کر ہم سے غلط کام کروائے جائیں گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی صورت اس بجٹ کو قبول نہیں کرتے، اگر حکومت نے اس معاملے پر کوئی اقدام نہ اٹھایا تو ہم اس کا پیچھا کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے صوابدیدی فنڈ میں اضافہ، اہم فیصلہ سامنے آگیا

صرف خان صاحب کے نام پر لائی گئی ہر چیز کو آنکھیں بند کرکے نہیں مانا جا سکتا، کیا خان صاحب نے ہمیں غلط کاموں کی اجازت دی ہے؟

ایم پی اے نے سپیکر سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے اسمبلی کی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے اور شفاف انکوائری کرائی جائے۔

Scroll to Top