ٹیکنالوجی کی دنیا میں تہلکہ مچانے والی کمپنی ایپل کی آئندہ فلیگ شپ ڈیوائس آئی فون 18 پرو کی متوقع لانچ سے متعلق نئی اور دلچسپ تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ان تفصیلات کے مطابق کمپنی ستمبر 2026 میں اپنی نئی اور جدید ترین آئی فون سیریز کو مارکیٹ میں متعارف کرا سکتی ہے۔
تکنیکی ماہرین کی رپورٹ کے مطابق آئی او ایس 20 کے دوسرے ڈویلپر بِیٹا کی بروقت ریلیز سے واضح اشارہ ملتا ہے کہ ایپل اپنی روایتی لانچ ٹائم لائن پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ اس سلسلے میں آئی او ایس 20 کا پہلا پبلک بِیٹا جولائی میں جاری کیا جا سکتا ہے جبکہ اس کا فائنل ریلیز کینڈیڈیٹ ورژن 9 ستمبر کے آس پاس متوقع ہے۔
صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل کا سالانہ شاندار لانچ ایونٹ 9 ستمبر 2026 کو ایپل پارک میں منعقد ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس تقریب میں آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ ساتھ کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل فون بھی پیش کیا جا سکتا ہے، جسے ممکنہ طور پر آئی فون الٹرا کا نام دیا جائے گا۔
اسی تقریب میں نئی ایپل واچ سیریز کی رونمائی بھی متوقع ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ مینوفیکچرنگ کے بعض پیچیدہ مسائل کی صورت میں فولڈ ایبل آئی فون کی مارکیٹ میں دستیابی چند ہفتوں کی تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔ دوسری طرف آئی او ایس 20 کا حتمی ورژن 14 ستمبر 2026 کو عام صارفین کے لیے جاری ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آئی فون صارفین خبردار، نیا سیکیورٹی الرٹ جاری
عالمی مارکیٹ میں آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی باقاعدہ فروخت 18 ستمبر 2026 سے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے تاہم یہ تمام تاریخیں اور تفصیلات فی الحال تجزیاتی رپورٹوں اور مارکیٹ کی پیش گوئیوں پر مبنی ہیں کیونکہ ایپل کی جانب سے اب تک اس شیڈول کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔





