آزاد کشمیر انتخابات: اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی اہم بیٹھک، نظریں اہم فیصلوں پر

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور کی صدارت میں پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات اور پارٹی کی انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، صدر آزاد جموں و کشمیر سردار لطیف اکبر، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سمیت پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا گیا اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے متعدد اہم تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے انتخابی ماحول، سیاسی حالات اور پارٹی کی تیاریوں پر اپنی آراء پیش کیں۔

اجلاس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی حکمت عملی پر خصوصی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر امیدواروں کو ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد انتخابی مہم کو مؤثر انداز میں چلانے، تنظیمی رابطوں کو مضبوط بنانے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں، ممکنہ سیاسی تعاون اور انتخابی اتحاد سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ آزاد کشمیر میں پارٹی کی سیاسی پوزیشن کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : کالعدم ایکشن کمیٹی کی حمایت میں سرگرم بھارتی خاتون کا اصل چہرہ بے نقاب

اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ آزاد کشمیر انتخابات کی تیاریوں کو مزید مؤثر، منظم اور فعال بنایا جائے تاکہ پارٹی بھرپور انداز میں انتخابی عمل میں حصہ لے سکے۔

اجلاس کے اختتام پر پارٹی تنظیم، انتخابی رابطوں، کارکنوں کی فعالیت اور آئندہ سیاسی سرگرمیوں سے متعلق اہم فیصلوں اور مشاورتی امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

Scroll to Top