دیر بالا: دینی مدرسے پر آسمانی بجلی گرنے سے بھگدڑ، بیس سے زائد طالبات بے ہوش

ناصرزادہ

دیر بالا میں تھانہ واڑی کی حدود کے علاقے رانگو اسوڑی درہ میں قائم دینی مدرسہ ‘جامعہ حفصہ للبنات’ پر آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بجلی گرنے کے بعد مدرسے میں شدید افراتفری اور خوف و ہراس پھیل گیا جس کے نتیجے میں 21 طالبات غش کھا کر بے ہوش ہو گئی ہیں۔

مدرسے کے مہتمم کے مطابق واقعے کے وقت مدرسے میں 260 طالبات زیر تعلیم تھیں کہ اچانک کڑکتی بجلی گرنے سے بچیوں میں شدید خوف پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔ بے ہوش اور متاثرہ ہونے والی طالبات کی عمریں 9 سے 16 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے تمام متاثرہ بچیوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال واڑی منتقل کر دیا ہے جہاں ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے انہیں ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری

ہسپتال ذرائع کے مطابق خوش قسمتی سے تمام طالبات کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

واڑی ہسپتال منتقل کی جانے والی طالبات میں افنان بی بی، انساء، شفاء، حسینہ، بشریٰ بی بی، ثانیہ، فریحہ، شیدہ بی بی، گلفام، عروج، سفینہ، حسینہ دختر ہمایون، سلویٰ، علیشماء، مناحل، ارض، حسینہ دختر عبدالرحمٰن، فریال، ابونیزہ، یسریٰ اور نداء شامل ہیں جن کا علاج جاری ہے۔

Scroll to Top