ٹیکس وصولیاں دوگنی ہو گئیں، ایف بی آر نے 13 ٹریلین روپے کا تاریخی ہدف عبور کر لیا

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پاکستان کی ٹیکس وصولیاں تقریباً دوگنی ہو چکی ہیں جو کہ معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

ایف بی آر میں لیڈرشپ اور فیلڈ فارمیشنز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مالی سال 26-2025 میں ریونیو ٹارگٹ حاصل کرنے پر ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کا سالانہ ہدف 12.83 ٹریلین روپے تھا، تاہم محنت اور مہم کے نتیجے میں وصولیاں 13 ٹریلین روپے سے تجاوز کر گئی ہیں۔

محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ ماضی میں پہلے کبھی بھی اتنی کم مدت میں ٹیکس وصولیوں کا اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کیا گیا جس سے معاشی بنیادیں مزید مستحکم ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مالی خسارہ کم ترین سطح پر رکھتے ہوئے حکومت نے کامیابی سے مالی سال مکمل کیا ہے، اور یہ تاریخی کامیابی ٹیم ورک اور مسلسل اصلاحات کا نتیجہ ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ایف بی آر نے مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 599 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز جاری کیے جبکہ مالی سال کے آخری روز 13.5 ارب روپے کے ریکارڈ ریفنڈز دیے گئے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ جدید ٹیکس نظام میں ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنا، شفافیت لانا اور عوامی اعتماد بحال کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل نظام کے مکمل نفاذ کے ذریعے ایف بی آر کو ایک جدید، فعال اور زیادہ موثر ادارہ بنایا جا رہا ہے۔

Scroll to Top