اگر آپ روزانہ کافی پینے کے عادی ہیں تو یہ عادت آپ کے جگر کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ایک نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روزانہ کافی کا استعمال جگر کے کینسر، جگر کے سکڑنے اور جگر کی بیماریوں سے ہونے والی اموات کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کر سکتا ہے۔
بین الاقوامی طبی جریدے کلینیکل گیسٹرو اینٹرولوجی اینڈ ہیپاٹولوجی میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کافی کا باقاعدہ استعمال جگر کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے، چاہے ایک شخص روزانہ پانچ یا اس سے زیادہ کپ کافی ہی کیوں نہ پیتا ہو۔
یہ تحقیق امریکا کے شہر لاس اینجلس میں واقع سائیڈرز سینائی میڈیکل سینٹر کے ماہرِ جگر ڈاکٹر ہیونسیوک کم کی سربراہی میں کی گئی، جس میں 3 لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد کو تقریباً 10 سال تک زیرِ مشاہدہ رکھا گیا۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق روزانہ پانچ کپ کافی پینے والوں میں جگر کے سکڑنے (لیور سروسس) کا خطرہ 32 فیصد، جگر کے کینسر کا خطرہ 47 فیصد جبکہ جگر کی بیماریوں سے موت کا خطرہ 42 فیصد تک کم دیکھا گیا۔
ڈاکٹر ہیونسیوک کم کے مطابق یہ فوائد صرف کیفین والی کافی تک محدود نہیں، بلکہ بغیر کیفین (ڈی کیف) کافی استعمال کرنے والوں میں بھی تقریباً اسی نوعیت کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم آزاد کشمیر نے جیو نیوز کی مہاجرین کی نشستوں سے متعلق خبر مسترد کر دی
ماہرین کا کہنا ہے کہ کافی میں موجود طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس جگر کی سوزش کم کرنے، چربی کے جمع ہونے کو روکنے اور جگر کے افعال کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ جدید ایم آر آئی اسکینز سے بھی ان مثبت اثرات کی تصدیق ہوئی ہے۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ کافی جگر کی صحت کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے، تاہم متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی بھی جگر کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔





