شیراز احمد شیرازی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اسیر قیادت نے پارٹی کے چیئرمین اور سیکرٹری جنرل کو جیل سے ایک اہم خط ارسال کیا ہےجس میں آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو بھرپور طریقے سے میدان میں اتارنےکی درخواست کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور جیلوں میں قید دیگر مرکزی رہنماؤں نے باہمی مشاورت کے بعد یہ خط اپنے وکیل کے ذریعے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان تک پہنچایا ہے۔
خط کے متن میں اسیر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انہوں نے آزاد کشمیر انتخابات کی صورتحال پر جیل میں تفصیلی مشاورت کی ہے اور وہ سب متفقہ طور پر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو انتخابی عمل میں لازمی حصہ لینا چاہیے اور انتخابی میدان کسی صورت خالی نہیں چھوڑنا چاہیے۔
اسیر قائدین نے خط میں مزید زور دیا ہے کہ آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کو بطور جماعت ان انتخابات کا حصہ بننا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر انتخابات سے قبل ن لیگ کو بڑا دھچکا، اہم رہنما نے پارٹی چھوڑ دی
جیل سے بھیجے گئے پیغام میں مرکزی قیادت سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ پارٹی کو فوری طور پر ان تمام امیدواروں کے نام باقاعدہ طور پر شائع کرنے چاہئیں جو ان انتخابات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ہوں گے، تاکہ کارکنان اور ووٹرز کے سامنے پالیسی مکمل طور پر واضح ہو سکے۔





