آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے اپنے قریبی ساتھیوں اور سابق وزراء سمیت استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے ایک اہم ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
سردار تنویر الیاس کے ہمراہ آزاد کشمیر کےسابق وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی، سابق وزیر صحت نثار انصر ابدالی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے سابق مشیر سردار افتخار رشید نے بھی آئی پی پی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
ملاقات کے دوران آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے سردار تنویر الیاس اور ان کے تمام ساتھیوں کا پارٹی میں خیرمقدم کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
یہ بھی پڑھیں : قومی وطن پارٹی کو خیبرپختونخوا میں بڑا جھٹکا، سید فیاض علی شاہ پیپلز پارٹی میں شامل
پارٹی میں شامل ہونے والے تمام کشمیری رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انہیں عبدالعلیم خان کی قیادت پر پورا بھروسہ ہے اور وہ پارٹی کو آزاد کشمیر میں مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق سردار تنویر الیاس اور ان کے دھڑے کی شمولیت سے آزاد کشمیر کی سیاست میں استحکام پاکستان پارٹی پوزیشن کافی مستحکم ہو جائے گی۔





