دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی امریکا نے حمایت کر دی

اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں امریکا نے دہشت گرد حملوں کے خلاف پاکستان کے حقِ دفاع کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستانی عوام نے دہشت گردی کے باعث بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھایا ہے، اور امریکا دہشت گرد حملوں کے خلاف پاکستان کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں بلوچستان میں سرحد پار ڈرون سرگرمیوں کے بعد پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے آنے والے چار ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 جون کو افغان طالبان حکومت کی جانب سے بلوچستان کی سرحد پر چار ڈرونز بھیجے گئے، جو مبینہ طور پر افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی میں پاکستان کی جانب روانہ کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز کی فیصلہ کن کارروائی، پاک افغان سرحد پر جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانے تباہ، 29 خوارج ہلاک

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا، جبکہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔

Scroll to Top