لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے مالی سال کے بجٹ میں قومی کرکٹرز، ڈومیسٹک کھلاڑیوں اور ویمن کرکٹرز کی تنخواہوں اور میچ فیس میں نمایاں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بجٹ میں کھلاڑیوں کی ماہانہ تنخواہوں اور میچ فیس کے لیے ایک ارب 100 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق رواں برس 45 کرکٹرز کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں سینٹرل کنٹریکٹ دیے جائیں گے، جبکہ مختلف کیٹیگریز کے تحت ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی فیس میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹس میں کوئی تبدیلی نہیں کی، تاہم قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دی گئی ہے، جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کا معاوضہ بھی 15 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے فی میچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
پی سی بی نے ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس میں بھی نظرثانی کرتے ہوئے مختلف کیٹیگریز کی ماہانہ فیس میں 33 سے 50 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین سینئر اور انڈر 19 کرکٹرز کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ فیس بھی بڑھا دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پنالٹی شوٹ آؤٹ میں آسٹریلیا کو شکست، مصر نے نئی تاریخ رقم کر دی
پی سی بی نے خواتین کی ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے سپر تھری ون ڈے اور سپر تھری ٹی ٹوئنٹی کے نام سے دو نئے ٹورنامنٹس کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جن پر کروڑوں روپے لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد قومی اور ڈومیسٹک سطح پر کرکٹرز کی مالی معاونت میں اضافہ، خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینا اور پاکستان میں کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔





