اوکاڑہ میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کا ایک ایجنٹ گرفتار

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے اوکاڑہ میں ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے حساس تنصیبات پر حملے کی مبینہ منصوبہ بندی ناکام بنا دی ہے اور بھارت کی خفیہ ایجنسی ‘را’ (RAW) کے لیے جاسوسی کرنے والے ایک ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، خفیہ اطلاع کی بنیاد پر فیصل آباد روڈ اوکاڑہ پر واقع کوہ نور سٹی میں چھاپہ مارا گیا جہاں مذکورہ ایجنٹ موجود تھا اور حساس تنصیبات کو ٹارگٹ کرنے کے مذموم ارادے سے وہاں پناہ لئے ہوئے تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں تخریب کاری کا سامان برآمد کر لیا گیا۔

ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے سامان میں بارودی مواد، ایک پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹرز، بجلی کی تاریں، تین عدد بیٹریاں اور دو موبائل فونز شامل ہیںجو مبینہ طور پر تخریب کاری کی کسی بڑی واردات میں استعمال کیے جانے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : کوئی بھی ایوارڈ دو، وہ بھاگے چلے آئیں گے:مودی کے اعزازات پر دی گارڈین کی تہلکہ خیز رپورٹ

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار کیے گئے مبینہ دہشت گرد کی شناخت روز علی خان کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے ارمڑ میانہ سے ہے۔

ملزم کو ابتدائی کارروائی کے بعد مزید تفتیش اور تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ اس کے نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کے حوالے سے اہم معلومات حاصل کی جا سکیں۔

Scroll to Top