کوئی بھی ایوارڈ دو، وہ بھاگے چلے آئیں گے:مودی کے اعزازات پر دی گارڈین کی تہلکہ خیز رپورٹ

برطانوی اخباردی گارڈین نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کے غیر ملکی دوروں کے دوران ملنے والے اعلیٰ اعزازات اور ایوارڈز کی ساکھ پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

اپوزیشن جماعت کانگریس نے اس صورتحال پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کو کوئی بھی ایوارڈ دیں، وہ اسے لینے بھاگے چلے آتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، نریندر مودی کو حال ہی میں بحرِ ہند کے جزیرے سیشلز (Seychelles) کے دورے پر وہاں کا ایک اعلیٰ ترین اعزاز “گارڈین آف دی بلیو ہورائزن” دیا گیا۔ تاہم ایوارڈ کے سرٹیفکیٹ پر املا کی واضح غلطیاں پائی گئیں، جہاں جمہوریہ سیشلز کے سرکاری نام کے ہجے ہی غلط لکھے ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ ایوارڈ مودی کی آمد سے محض تین دن قبل ہی تخلیق کیا گیا تھا اور وہ اسے حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے اور واحد شخص ہیں۔ مزید برآں، سافٹ ویئر کے ذریعے جانچنے پر یہ سرٹیفکیٹ اے آئی (AI) سے تیار کردہ پایا گیا۔

سیشلز کی وزارتِ خارجہ نے اس پر صفائی دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ غلطی سے ایک “ورکنگ ڈرافٹ” (کچا خاکہ) منظرِ عام پر آ گیا تھا، تاہم اب ایک اصل اور منظور شدہ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے اور یہ ایوارڈ بالکل اصلی ہے۔

دوسری جانب مودی کی جماعت بی جے پی کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈ ان کی ماحولیاتی قیادت کا اعتراف اور بھارت کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔

دا گارڈین کی رپورٹ میں مودی کے ماضی کے دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ ان کے دورہ اسرائیل سے چند روز قبل ہی اسرائیلی پارلیمنٹ نے جلدی میں میڈل آف دی کنیسٹ نامی ایوارڈ بنایا جو مودی کو پہنچتے ہی دیا گیا، اور وہاں بھی وہ اب تک اس کے واحد وصول کنندہ ہیں۔

Scroll to Top