کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کی 27ویں برسی، فیلڈ مارشل، مسلح افواج کا خراجِ عقیدت

کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کی 27ویں برسی کے موقع پر فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی اسٹاف، نیول چیف، ایئر چیف اور پاکستان کی مسلح افواج نے عظیم قومی ہیرو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے کارگل معرکے میں بے مثال جرات، غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع میں عظیم قربانی کی لازوال مثال قائم کی۔

انتہائی نامساعد حالات کے باوجود انہوں نے اگلی صفوں میں رہ کر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور پاک فوج کی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی عزت، بہادری اور حب الوطنی کی ایسی روشن میراث ہے جو ہمیشہ زندہ رہے گی۔ وہ آج بھی پوری پاکستانی قوم، بالخصوص نوجوان نسل کے لیے جرات، ایثار اور وطن سے وفاداری کی روشن مثال ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اے این پی کا اہم اجلاس، شہید مولانا خانزیب کی برسی کے حوالے سے بڑا اعلان

بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے نظریات، قربانی کے مقصد اور ان کی روشن میراث کی ہمیشہ حفاظت کرے گی، جبکہ ان کی عظیم قربانی پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جاتی رہے گی۔

Scroll to Top