بیورو آف ایمیگریشن کا بڑا انتباہ، خلیجی ممالک جانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے خشخاش کے بیج لے جانے پر سخت وارننگ جاری!

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور روزگار یا سفر کی غرض سے خلیجی ممالک جانے والے شہریوں کو قانونی پیچیدگیوں اور مشکلات سے بچانے کے لیے ریاستی ادارے بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے ایک نہایت اہم اور بروقت انتباہ جاری کر دیا ہے۔ 

سرکاری ادارے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں عام گھریلو کھانوں اور بیکنگ میں استعمال ہونے والے خشخاش کے بیج خلیجی ممالک میں ممنوعہ نشہ آور اشیا کے زمرے میں آتے ہیں اور غلطی سے بھی انہیں سامان میں رکھنا بھاری جرمانے، قید، ملک بدری اور تاحیات پابندی کا باعث بن سکتا ہے۔

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق پاکستان میں خشخاش کے بیج عام طور پر کھانوں اور بیکنگ میں استعمال کیے جاتے ہیں اور یہاں یہ قانونی بھی ہیں تاہم خلیجی ممالک میں یہی بیج ممنوعہ نشہ آور اشیا میں شمار کیے جاتے ہیںکیونکہ یہ افیون کے پودے سے حاصل ہوتے ہیں اور ان میں معمولی مقدار میں مورفین اور کوڈین جیسے اجزا موجود ہو سکتے ہیں۔

انتباہ میں واضح کیا گیا ہے کہ خلیجی ممالک میں خشخاش کے بیج لے جانا، اپنے پاس رکھنا یا غلطی سے سامان میں رہ جانا بھی سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔

چاہے ان کی مقدار انتہائی کم ہو، کسی تیار کھانے میں شامل ہو یا پھر محض بیگ یا کپڑوں پر معمولی نشان کی صورت میں موجود ہو متعلقہ ممالک کا قانون اس معاملے میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دیتا۔

بیورو آف ایمیگریشن کے مطابق خلیجی ممالک میں منشیات کے خلاف قوانین انتہائی سخت ہیں اور وہاں کے ادارے مسافر کی نیت دیکھے بغیر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوری کارروائی عمل میں لاتے ہیں۔

مثال کے طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 2021 کے انسدادِ منشیات کے قانون کے تحت خشخاش کے بیج کو باقاعدہ طور پر کنٹرول شدہ اشیا میں شامل کیا گیا ہےجس کے باعث بغیر اجازت انہیں رکھنا یا ساتھ لے جانا سنگین جرم ہے۔

اسی طرح سعودی عرب میں بھی متعلقہ قانون کے تحت خشخاش کے بیج کو منشیات کے زمرے میں رکھا گیا ہے اور اس حوالے سے قوانین نہایت سخت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی فعال و کامیاب خارجہ پالیسی، پرتگال کا پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کا اعلان !

دیگر خلیجی ممالک میں بھی اسی نوعیت کے قوانین نافذ ہیں اور وہاں بھی خشخاش کے بیج کو غیر قانونی اشیا تصور کیا جاتا ہے۔

سرکاری ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ان قوانین کی خلاف ورزی پر عام طور پر فوری مقدمہ درج ہوتا ہے، بھاری جرمانے عائد کیے جاتے ہیں، ملک بدری (ڈیپورٹیشن) عمل میں لائی جاتی ہے اور اکثر طویل مدت یا مستقل طور پر دوبارہ داخلے پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے۔

Scroll to Top