پاکستان کی سائنسی ترقی، مضبوط ادارہ جاتی وژن اور پاک چین لازوال تزویراتی و سائنسی شراکت داری کے نتیجے میں پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی اور سنہری تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے۔
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی پاکستانی خلاباز چین کے خلائی مشن ’شین ژو 24‘ کے ذریعے خلا کی وسعتوں کا سفر کرے گا جہاں پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی بطور سائنسی ماہر خدمات انجام دیں گے اور چینی خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کے بعد وطنِ عزیز کے لیے سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے نئے دروازے کھول کر واپس لوٹیں گے۔
پاکستان خلائی تحقیق اور جدید سائنسی علوم کے میدان میں ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرنے کے بالکل قریب پہنچ گیا ہے جہاں ملک کے پہلے خلاباز کی چینی خلائی اسٹیشن روانگی کے لیے تمام تر انتظامی، تکنیکی اور عملی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اس تاریخی مشن میں پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چین کے جدید خلائی مشن ’شین ژو 24‘ کے ذریعے خلا کا سفر کریں گے اور اس اہم مشن میں بطور سائنسی ماہر حصہ لیں گے۔
پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ غیر معمولی خلائی مشن پاکستان اور چین کی خلائی ایجنسیوں کے باہمی اشتراک، گہرے اعتماد اور سائنسی تعاون کے تحت انجام دیا جا رہا ہے۔
اس مشن میں پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی سائنسی ماہر کی حیثیت سے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں اور خدمات انجام دیں گے جو پاکستان کی سائنسی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر ایک بڑا اعتراف ہے۔
علاوہ ازیں اس تاریخی مشن کے حوالے سے چین سے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی خصوصی میڈیا بریفنگ بھی براہِ راست نشر کی جائے گی جس میں وہ خود اپنے خلائی سفر، تیاریوں اور مشن کے مختلف سائنسی و تحقیقی پہلوؤں کے بارے میں پوری قوم اور عالمی ذرائع ابلاغ کو آگاہ کریں گے۔
سپارکو حکام کے مطابق پاکستانی خلاباز چینی خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کرنے اور اپنی سائنسی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد واپس زمین پر لوٹیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : بیورو آف ایمیگریشن کا بڑا انتباہ، خلیجی ممالک جانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے خشخاش کے بیج لے جانے پر سخت وارننگ جاری!
سائنسی ماہرین اور حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی خلاباز کی خلا میں روانگی ملک کے خلائی پروگرام کے لیے ایک نہایت اہم اور فیصلہ کن سنگِ میل ثابت ہوگی جس سے پاکستان میں خلائی تحقیق، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، سائنسی علوم اور دوست ممالک کے ساتھ تحقیقی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے اور نوجوان نسل کو سائنسی میدان میں آگے بڑھنے کا نیا حوصلہ ملے گا۔





