صوبائی حکومت کی مشکلات بڑھ گئیں،اے این پی نے حکومت کیخلاف فیصلہ کن تحریک کا اعلان کر دیا

صوبائی حکومت کی مشکلات بڑھ گئیں،اے این پی نے حکومت کیخلاف فیصلہ کن تحریک کا اعلان کر دیا

صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈ ٹیکس کیخلاف اے این پی کی تحریک کا اعلان، حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی جلد ملاکنڈ میں حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے ٹیکس کے خلاف باقاعدہ عوامی تحریک کا آغاز کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے حکومت کو بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔

نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام آج بھی بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، جبکہ صوبائی حکومت عوام کو درپیش مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، مگر حکومت ان مشکلات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کے بجائے نئے ٹیکس عائد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ میں نافذ کیے گئے ٹیکس کے خلاف عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، اسی لیے عوامی نیشنل پارٹی اس فیصلے کے خلاف بھرپور عوامی تحریک چلائے گی۔ ان کے مطابق پارٹی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور قانونی راستہ اختیار کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:   جنوبی وزیرستان، برمل میں رہائشی گھر پر کواڈ کاپٹر حملہ، 3 شہری جاں بحق، 4 زخمی

میاں افتخار حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملاکنڈ میں نافذ ٹیکس کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے عوامی مطالبات کو نظرانداز کیا تو اے این پی اپنی احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کرے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور خیبر پختونخوا کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Scroll to Top