پشاور: 10 روز قبل ہونے والے اندھے قتل کا معمہ حل، مقتول کا بھانجا دوست سمیت گرفتار

پشاورکے تھانہ متھرا پولیس نے10روز پرانے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مقتول کے سگے بھانجے کو دوست سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

پشاور کے علاقے متھرا میں 10 روز قبل شہری کے اندھے قتل کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا تھا جس پر ایس پی ورسک ڈویژن محمد ارشد خان اور ڈی ایس پی ورسک سرکل ارباب نعیم حیدر کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ متھرا صدام ریاض نے تفتیشی افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔

تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر شب و روز محنت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اس اندھے قتل کیس کا معمہ حل کر دیا ہے اور واقعے میں ملوث مرکزی ملزم فیصل ولد شمشاد اور اس کے دوست یوسف ولد شجاعت کو گرفتار کر لیا ہے۔

مقتول عبدالرحمان کے بھائی فضل الرحمان نے 27 جون 2026 کو تھانہ متھرا میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ پولیس ٹیم نے افسرانِ بالا کی ہدایات کے مطابق نہایت پیشہ ورانہ انداز میں تفتیش جاری رکھی جس کے نتیجے میں کیس کو کامیابی سے ٹریس کر کے ملزمان کا سراغ لگایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں دو روز کے اندر آٹے کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ

تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم فیصل نے واردات کے لیے اپنے دوست یوسف سے پستول لی تھی جبکہ کچھ دیگر ساتھیوں نے بھی اس معاملے میں سہولت کاری کا کردار ادا کیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top