بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کرکٹ میچ کے دوران فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو نوجوان کھلاڑی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مستونگ کے علاقے شمس آباد کراس میں اس وقت پیش آیا جب مقامی کرکٹ گراؤنڈ میں میچ جاری تھا۔
اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو نوجوان کھلاڑی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت آیوش اور ساگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد گراؤنڈ میں بھگدڑ مچ گئی، کھلاڑی، تماشائی اور دیگر موجود افراد اپنی جانیں بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں بھاگ نکلے، جبکہ میچ کو فوری طور پر روک دیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں حملے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، تاہم مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا،ڈی جی آئی ایس پی آر
دوسری جانب فائرنگ کے واقعے کے خلاف مقتولین کے لواحقین اور اہلِ علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو بلاک کر دیا، جس کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔
بعد ازاں ضلعی انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے پر احتجاج ختم کر دیا گیا، جس کے بعد قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور واقعے میں ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔





