عمان سے ہزاروں میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر دو بڑے بحری جہاز کراچی پہنچ گئے ہیں جس کے بعد کل سے گیس کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق عمان سے ایل پی جی کی بڑی کھیپ لے کر آنے والے دونوں بحری جہاز مجموعی طور پر 7 ہزار 603 میٹرک ٹن گیس کے ساتھ کراچی کی پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہو چکے ہیں۔
پورٹ پر سامان کی نقل و حمل کی تفصیل بتاتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ ایس ایس جی سی (SSGC) کے ٹرمینل پر پریانیس نامی جہاز نے 4 ہزار 250 میٹرک ٹن جبکہ اینگرو ٹرمینل پرالیسا ون نامی جہاز نے 3 ہزار 83 میٹرک ٹن ایل پی جی کی آف لوڈنگ کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
سمندری راستے سے گیس کی اس بڑی آمد کے ساتھ ساتھ سرحدی ذرائع کا کہنا ہے کہ کل سے ایران کے بارڈر سے بھی تعطل کا شکار رہنے والی ایل پی جی کی ترسیل دوبارہ شروع ہونے کا قوی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مستونگ کے علاقے شیرگڑھ میں ایف سی نارتھ کی کارروائی ، کالعدم بی ایل اے کے 3 دہشت گرد ہلاک
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گیس کی درامد اور سرحدی سپلائی لائنز بحال ہونے سے مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی انتہائی بہتر ہو جائے گی جس کے براہِ راست اثرات کل سے قیمتوں میں کمی کی صورت میں عوام تک پہنچیں گے۔





