اسلام آباد: پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں کمی کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے کے تمام برادر ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی میں کمی لانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری یقینی بنائیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے خطے میں دیرپا امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم پر قائم ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا نے ایران کے خلاف مزید فضائی حملے شروع کر دیے، سینٹکام
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف مزید حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔
سینٹکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے شہری اور تجارتی بحری جہازوں پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔





