ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کا نیا رخ سامنے آ گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج صبح موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ دوپہر کے بعد مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے کا امکان ہے۔ رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران پارہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں تقریباً 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بھی آج مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سمندری ہوائیں چلنے سے حبس کی شدت میں کمی آئی ہے، جس سے شہریوں نے کسی حد تک سکھ کا سانس لیا۔
صبح کے وقت کراچی کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ محکمۂ موسمیات کے مطابق دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔





