اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چودھری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ان سے شہداء کے لواحقین اور پوری قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں عون چودھری نے کہا کہ شہادت تنخواہ سے نہیں بلکہ حب الوطنی، ایمان اور جذبۂ قربانی سے حاصل ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فوجی جوانوں کی قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا اخلاقی بے حسی،شہداء اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری کے مترادف ہے،مولانا فضل الرحمان کے بیان پر خواجہ آصف کا سخت ردعمل
وزیر مملکت نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا بیان شہداء اور ان کے اہل خانہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر جو عزت و وقار حاصل ہے، اس میں پاک فوج اور شہداء کی قربانیوں کا اہم کردار ہے۔
عون چودھری کا مزید کہنا تھا کہ قوم اپنے شہداء کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انہی کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن و استحکام قائم ہے۔





