دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل کا بھرپور جوش و خروش دیکھنے میں آیا، جہاں شائقین کی بڑی تعداد نے بڑی اسکرینوں پر اسپین اور فرانس کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھا۔
کراچی میں مختلف مقامات پر فٹبال شائقین بڑی تعداد میں جمع ہوئے، جبکہ لیاری انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بھی میچ کے دوران پرجوش ماحول دیکھنے میں آیا۔ سابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھی شائقین کے ہمراہ بڑی اسکرین پر میچ دیکھا۔

محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے ملیر اور حیدرآباد میں بھی بڑی اسکرینوں کا اہتمام کیا گیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے اسپین اور فرانس کے درمیان کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل سے لطف اٹھایا۔
ادھر امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میچ کے 24ویں منٹ میں میکل اویارزابال نے پنالٹی پر گول کر کے اسپین کو برتری دلائی، جبکہ دوسرے ہاف میں 58ویں منٹ پر پیڈرو پورو نے دوسرا گول اسکور کر کے فرانس کی واپسی کی امیدیں ختم کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈکپ 2026، اسپین نے فرانس کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی
ٹورنامنٹ کی مضبوط امیدوار سمجھی جانے والی فرانس کی ٹیم اسپین کے منظم دفاع اور مؤثر حکمت عملی کے سامنے بے بس دکھائی دی، جبکہ اسپین کے گول کیپر اور دفاعی کھلاڑیوں نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فرانس کو گول کرنے کا کوئی موقع نہ دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ اسپین 16 سال بعد ایک بار پھر فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ اس سے قبل اسپین نے 2010 میں فٹبال ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا دوسرا سیمی فائنل ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کی فاتح ٹیم فائنل میں اسپین کا مقابلہ کرے گی، جبکہ فرانس تیسری پوزیشن کے میچ میں میدان میں اترے گا۔





