اسلام آباد: وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنانے کی غرض سے “اسپیشل پروسیجر فار اسمال شاپ کیپرز“ کا مسودہ جاری کر دیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اس حوالے سے ایس آر او جاری کرتے ہوئے عوام، تاجر تنظیموں اور دیگر متعلقہ حلقوں سے سات روز کے اندر اعتراضات اور تجاویز طلب کر لی ہیں۔
مسودے کے مطابق یہ خصوصی طریقہ کار صرف انفرادی دکانداروں پر لاگو ہوگا جن کا سالانہ کاروبار 20 کروڑ روپے تک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ضم شدہ اضلاع اور ملاکنڈ میں ممکنہ ٹیکس نفاذ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اہم فیصلہ
تاہم وہ تاجر اس اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے جن کا گزشتہ تین برسوں میں کسی بھی ایک سال کا کاروبار 20 کروڑ روپے سے زائد رہا ہو۔
ایف بی آر کے مطابق یہ اسکیم مکمل طور پر رضاکارانہ بنیادوں پر ہوگی، دکاندار اپنی مرضی سے اس خصوصی طریقہ کار کے تحت ٹیکس ادا کر سکیں گے یا معمول کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرا سکیں گے۔
مسودے میں شامل تجاویز کے مطابق اسکیم میں رجسٹرڈ ہونے والے تاجروں کا معمول کے طریقہ کار کے تحت آڈٹ نہیں کیا جائے گا، جس کا مقصد چھوٹے کاروباری افراد کے لیے ٹیکس نظام کو مزید سہل بنانا ہے۔





