شاہد جان
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ضم شدہ اضلاع اور ملاکنڈ ڈویژن میں وفاقی حکومت کی جانب سے ممکنہ ٹیکس نفاذ کے معاملے پر اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس کے لیے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے باضابطہ دعوت نامہ بھی جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق مشاورتی اجلاس 17 جولائی 2026ء بروز جمعہ دوپہر 2 بجے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگا، جہاں وفاقی حکومت کی جانب سے ضم شدہ اضلاع اور ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس کے ممکنہ نفاذ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

اجلاس میں شرکت کے لیے گورنر خیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی، ضم شدہ اضلاع اور ملاکنڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان، سینیٹرز، مختلف سیاسی جماعتوں کے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز، دیگر سیاسی رہنماؤں اور ٹریڈ یونینز کے عہدیداروں کو دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مالاکنڈ اور ضم اضلاع میں ٹیکسوں کا نفاذ یکسر مسترد، اے این پی کے لویہ جرگہ کا اعلامیہ جاری
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے متعلقہ عوامی نمائندوں، سیاسی قیادت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم معاملے پر متفقہ اور مؤثر لائحہ عمل کی تشکیل کے لیے اجلاس میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔





