اسرائیل امریکا میں عوامی رائے کی جنگ ہار رہا ہے، جے ڈی وینس کا بڑا بیان

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکا میں عوامی رائے کی جنگ ہار رہا ہے اور یہ ایک واضح حقیقت ہے۔

امریکی پوڈکاسٹر جو روگن سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ اسرائیل امریکا کا اتحادی ہے، تاہم وہ امریکی سیاست اور رائے عامہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتا ہے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا اسرائیل امریکی سیاست پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتا ہے تو امریکی نائب صدر نے جواب دیا کہ اسرائیل اس معاملے میں زیادہ مؤثر ہے۔

جے ڈی وینس کے مطابق امریکا میں اسرائیل کے حوالے سے عوامی رائے میں تبدیلی آ رہی ہے اور خاص طور پر نوجوانوں میں اسرائیل کے بارے میں منفی جذبات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ ایران میں زمینی فوج بھیجنے پر غور کر رہے ہیں؟ امریکی میڈیا کا بڑا دعویٰ

رپورٹس کے مطابق مارچ میں کیے گئے ایک سروے میں امریکا میں اسرائیل کی حمایت میں کمی سامنے آئی۔ سروے کے مطابق 32 فیصد امریکیوں نے اسرائیل کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا، جبکہ 39 فیصد نے منفی رائے ظاہر کی۔

اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کی حمایت میں سب سے بڑی کمی ڈیموکریٹس اور آزاد ووٹرز میں دیکھی گئی۔ 2013 کے مقابلے میں اسرائیل کے لیے مثبت رائے رکھنے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق غزہ جنگ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے بعد امریکا میں اسرائیل کے حوالے سے عوامی سوچ میں تبدیلی عالمی سطح پر بھی زیر بحث ہے۔

Scroll to Top