اپر کوہستان، داسو میں فائرنگ، پولیس کانسٹیبل اور خاتون جاں بحق؛ 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج
اپر کوہستان کی تحصیل داسو میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں پولیس کانسٹیبل اور خاتون جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والا شخص پولیس کانسٹیبل تھا، جبکہ مقتولہ دو بچوں کی ماں تھی۔ واقعے کے بعد پولیس نے دونوں افراد کی لاشیں تحویل میں لے کر ضروری کارروائی مکمل کی۔
پولیس کے مطابق دہرے قتل کا مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مقدمے میں قتل کے ساتھ غیرت کے نام پر قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے مقتولہ کے شوہر، والد اور بھائی سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ واقعے کے بعد نامزد ملزمان فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





