قومی پرچم سے متعلق اہم فیصلہ، مراسلہ جاری

اسلام آباد: قومی پرچم کے درست استعمال، احترام اور اس سے متعلق سرکاری قواعد پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اہم مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

مراسلے میں تمام سرکاری محکموں، خودمختار اداروں، سرکاری تنظیموں اور جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ قومی پرچم کے ڈیزائن، نمائش اور استعمال سے متعلق 1989 کی سرکاری ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

حکام کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ قومی پرچم کے تقدس اور احترام کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور اس کے استعمال میں کسی بھی قسم کی غفلت یا بے احتیاطی سے گریز کیا جائے۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پھٹے، میلے یا خراب حالت میں موجود قومی پرچم ہرگز استعمال نہ کیے جائیں اور ایسے پرچم فوری طور پر تبدیل کیے جائیں۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ قومی پرچم کو اشتہاری، تجارتی یا تشہیری مقاصد کیلئے استعمال کرنا ممنوع ہے، جبکہ ایسے تمام اقدامات سے بھی اجتناب کیا جائے جو قومی پرچم کی بے توقیری یا اس کے تقدس میں کمی کا باعث بن سکتے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی روکنے کا فیصلہ، شیڈول جاری

حکام کے مطابق غیرملکی پرچم صرف مقررہ سفارتی اور سرکاری پروٹوکول کے تحت ہی لہرائے جائیں گے، جبکہ قومی اور غیرملکی پرچموں کی مشترکہ نمائش بھی متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام کسی نئی پالیسی کے نفاذ کیلئے نہیں بلکہ 1989 میں جاری کردہ سرکاری ہدایات پر عملدرآمد کی یاددہانی کے طور پر کیا گیا ہے، تاکہ تمام ادارے قومی پرچم کے احترام اور اس کے درست استعمال کو یقینی بنائیں۔

Scroll to Top