اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے امیدواروں کے لیے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن کرانے کا آخری موقع 18 جولائی تک ہے، جس کے بعد کسی بھی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان 16 اگست بروز اتوار صبح 10 بجے ملک بھر میں ایک ہی وقت میں منعقد کیا جائے گا۔
کونسل کے مطابق ریگولر فیس کے ساتھ رجسٹریشن کا مرحلہ 13 جولائی کو مکمل ہو چکا ہے، جس دوران ایک لاکھ 38 ہزار امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ کے لیے اندراج کرایا۔
امتحان کے انعقاد کے انتظامات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انعقاد کی ذمہ داری یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کو دی گئی ہے، جبکہ سندھ میں سکھر آئی بی اے، خیبرپختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ امتحانی انتظامات سنبھالیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : ایف بی آر میں اعلیٰ سطحی اکھاڑ پچھاڑ، اہم عہدوں پر نئے افسران تعینات
اسی طرح اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور سعودی عرب میں امتحان کا انعقاد شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے ذریعے کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں اضافی امتحانی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جہاں صرف بلوچستان ڈومیسائل رکھنے والے امیدوار امتحان میں شرکت کر سکیں گے۔
کونسل نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آخری وقت کا انتظار کرنے کے بجائے مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کر لیں تاکہ کسی بھی قسم کی تکنیکی یا انتظامی مشکلات سے بچا جا سکے۔





