ملک بھر میں پڑنے والی شدید گرمی اور حبس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں کے لیے ہیٹ اسٹروک کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ملک کے کئی شہروں میں اصل درجہ حرارت کے مقابلے میں حبس کی وجہ سے محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت یعنی ہیٹ انڈیکس انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق پشاور، کوئٹہ، بہاولنگر، ڈی آئی خان اور جوہرآباد میں اصل درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہاتاہم ان علاقوں میں ہیٹ انڈیکس 54 ڈگری سے بھی زائد محسوس کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح سرگودھا میں درجہ حرارت 40.5 ڈگری جبکہ محسوس درجہ حرارت 52.8 ڈگری تک جا پہنچا، جبکہ گوجرانوالہ اور کوٹ ادو میں بھی ہیٹ انڈیکس 52.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دیگر شہروں کی صورتحال کے مطابق اوکاڑہ میں اصل درجہ حرارت 40.5 ڈگری اور ہیٹ انڈیکس 51.5 ڈگری رہا، جبکہ اٹک میں درجہ حرارت 38 ڈگری اور محسوس درجہ حرارت 49.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت 38 ڈگری اور محسوس درجہ حرارت 49.2 ڈگری رہا جبکہ فیصل آباد میں اصل درجہ حرارت 40 ڈگری اور محسوس درجہ حرارت 48.3 ڈگری تک پہنچ گیا۔
اس کے علاوہ سیالکوٹ میں درجہ حرارت 36 ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد رہا، جبکہ حیدرآباد میں محسوس درجہ حرارت 45.9 ڈگری اور کراچی میں 38.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہوا میں نمی کے زیادہ تناسب اور ہیٹ انڈیکس میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے شہریوں کو ہیٹ اسٹروک کا شدید خطرہ لاحق ہے۔
عوام الناس کو سخت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور گرمی سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر فوری طور پر اختیار کریں۔





