برطانیہ کے ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں بڑی تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں تین ہزار سے زائد پروازیں خلل کا شکار ہوئیں۔
برطانیہ کی نیشنل ائیر ٹریفک سروسز کے فلائٹ پروسیسنگ اور ریڈار سسٹم میں خرابی کے باعث لندن کے ہیتھرو، گیٹوک، مانچسٹر، برمنگھم، ایڈنبرا اور لوٹن سمیت 15 بڑے ائیرپورٹس پر نظام درہم برہم ہوگیا۔ صورتحال کے پیش نظر 900 ملکی اور غیر ملکی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 2100 سے زائد پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔
مختلف ائیرپورٹس کے اعداد و شمار کے مطابق لندن کے مصروف ترین ہیتھرو ائیرپورٹ پر 300 پروازیں منسوخ اور 550 تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ گیٹوک میں 150 پروازیں منسوخ اور 325 تاخیر کی زد میں آئیں۔
اس کے علاوہ مانچسٹر، برمنگھم، ایڈنبرا اور لوٹن ائیرپورٹس پر بھی سیکڑوں مسافر پھنسے رہے جہاں پروازوں میں 150 سے 200 منٹ تک کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کے ہوائی اڈوں پر سائبر حملے کے بعد لاکھوں صارفین کا حساس ڈیٹا چوری ہوگیا
سسٹم میں خرابی کے باعث فضا میں موجود درجنوں پروازوں کے رُخ تبدیل کرنا پڑے، جنہیں ہنگامی طور پر برسلز، ایمسٹرڈیم، پیرس اور ڈسلڈورف سمیت یورپ کے مختلف ائیرپورٹس پر اتارنا پڑا۔
ائیرپورٹس پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ تکنیکی عملہ اور انجینئرز سسٹم کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مصروفِ کار ہیں۔





