مردان کے علاقے رستم کالو ڈھیری میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں کمرے کی چھت اچانک گرنے کے نتیجے میں دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ان کی والدہ اور بڑی بہن شدید زخمی ہوگئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہل خانہ کمرے میں موجود تھے کہ اچانک چھت کا ایک حصہ زور دار آواز کے ساتھ نیچے آ گرا، جس کے باعث کمرے میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کے بعد اہل علاقہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے کافی جدوجہد کے بعد ملبے تلے دبے افراد کو نکالا۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں مزید علاج کے لیے مردان میڈیکل کمپلیکس (MMC) ہسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں 2 سالہ محمد حسین اور ایک سالہ زنیرہ شامل ہیں، جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے میں بچوں کی والدہ اور ان کی 14 سالہ بہن شدید زخمی ہوئیں، جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ اہل علاقہ نے افسوسناک حادثے پر متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق خستہ حال تعمیرات اور بارشوں یا دیگر عوامل کے باعث ایسے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔





