نورین نیازی کے بیان سے پی ٹی آئی نے لاتعلقی کا اعلان کر دیا

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ معرکۂ حق سے متعلق نورین نیازی کا بیان پارٹی کی سرکاری پالیسی نہیں بلکہ ان کی ذاتی رائے ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ان کے علم کے مطابق نورین نیازی کا انٹرویو تقریباً تین ماہ قبل ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی متنازع بیان کو مین اسٹریم میڈیا پر نشر نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے، جسے پوری دنیا نے دیکھا۔ ان کے بقول ہر پاکستانی اس کامیابی پر فخر محسوس کرتا ہے، جبکہ دشمن پر بھی یہ واضح ہو چکا ہے کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کے معاملے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کبھی سیکیورٹی خدشات اور کبھی دیگر وجوہات کی بنا پر ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 280 روز گزرنے کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : نورین نیازی کے متنازع بیان پر شیخ وقاص اکرم کا ردعمل سامنے آگیا

بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا کہ جب تک عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت نہیں ملتی، پی ٹی آئی جوڈیشل کمیشن کے اجلاسوں اور پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں کے بائیکاٹ کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ فی الحال پارٹی کا مؤقف بائیکاٹ ہی ہے، تاہم اگر حالات میں بہتری آئی تو اس فیصلے پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی رائے موجود تھی، لیکن اس حوالے سے اتفاقِ رائے نہ ہو سکا۔

Scroll to Top