اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مودی جیسے دشمن کی یہ حیثیت نہیں کہ وہ پاکستان کو نقصان پہنچا سکے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کے معرکۂ حق اور پاک فوج سے متعلق بیان پر ردعمل دینے سے گریز کیا۔
انہوں نے کہا کہ نورین نیازی ان کی بڑی بہنوں کی طرح ہیں، ماضی میں ایک بیان پر ردعمل دینے سے کچھ تلخیاں پیدا ہوئی تھیں، اس لیے اب وہ احتیاطاً اس معاملے پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی کے لیے صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کا بیان اہمیت رکھتا ہے، کسی بھی معاملے پر اگر عمران خان کا مؤقف سامنے آ جائے تو پھر کسی اور کے بیان کی حیثیت باقی نہیں رہتی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاک فوج سے متعلق تمام بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں، اس لیے کسی نئے تنازع میں پڑنے کی ضرورت نہیں، جبکہ نورین نیازی اپنے بیان کی خود ذمہ دار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مون سون کا دوسرا طاقتور اسپیل، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب میں تباہی، متعدد افراد جاں بحق و زخمی
5 اگست کے احتجاج سے متعلق سوال پر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ علیمہ خان عمران خان کی بہن ہیں اور اگر وہ اپنے بھائی کی رہائی کے لیے کوئی قدم اٹھاتی ہیں تو پارٹی ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک بھر میں پرامن اور آئینی احتجاج کرے گی۔
واضح رہے کہ عمران خان کی بہن نورین نیازی نے ایک انٹرویو میں معرکۂ حق، پاک فوج اور بھارت سے متعلق مختلف بیانات دیے تھے، جن پر سیاسی حلقوں میں ردعمل سامنے آیا۔
شیخ وقاص اکرم نے ان بیانات پر براہ راست تبصرے کے بجائے عمران خان کے مؤقف کو پارٹی کا بنیادی حوالہ قرار دیا۔





