آل پاکستان پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے مطالبات کے حل کی یقین دہانی کے بعد ملک گیر ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہےجس کے بعد آج رات سے پیٹرول پمپس بند کرنے کی کال واپس لے لی گئی ہے۔
وفاقی وزیرمملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات ندیم خان اور رکن راجا وسیم نے کہا کہ ڈیلرز شدید مشکلات اور خدشات کے باعث احتجاج جیسے سخت قدم پر مجبور ہوئے تھے۔ تاہم حکومت نے ان کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنا ہے اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے وضاحت کی ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین صرف 15 روز کے لیے آزمائشی (پائلٹ) بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو ہفتوں کے اندر ڈیلرز کے مارجن کا معاملہ حل کر لیا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیرمملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ ڈیلرز کے مارجن سے متعلق لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں جلد سمری وفاقی کابینہ کو بھیجی جائے گی جبکہ اوگرا اور وزارتِ پیٹرولیم اس معاملے کو حل کرنے کے لیے متحرک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر 14 دنوں کے اندر پیش رفت نہ ہوئی تو فریقین دوبارہ مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نئے نظام کی تفصیلات سامنے آگئیں
وفاقی وزیرمملکت نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کی وجہ سے مجبوراً روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل کا نظام لانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوامی مشکلات اور مہنگائی کا مکمل احساس ہے اسی لیے مستحق افراد کے لیے ٹارگیٹڈ سبسڈی کا پروگرام تیار کیا جا چکا ہے تاکہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔





