پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کوہستان مالیاتی کرپشن اسکینڈل میں مزید 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار روپے ریکور کر لیے ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق یہ رقم ملزم دوراج خان کے پانچ مبینہ بے نامی داروں سے وصول کی گئی، جسے احتساب عدالت میں جمع کرا دیا گیا ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں اب تک 42 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ 6 ملزمان نے پلی بارگین کے ذریعے 8 ارب 43 کروڑ روپے قومی خزانے میں واپس کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بے نامی داروں کی جانب سے ایک ارب 70 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے بھی سرنڈر کیے جا چکے ہیں، جبکہ تحقیقات کے دوران اب تک 27 ارب 16 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نیب نے کوہستان مالیاتی کرپشن کیس میں 6 ارب روپے سے زائد مالیت کے اثاثے خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، نئی ٹیرف شیٹس جاری کر دیں
چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے پشاور میں یہ اثاثے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کے سپرد کیے تھے۔
پہلے مرحلے میں صوبائی حکومت کو منتقل کیے گئے اثاثوں میں نقد رقم، سونا، قیمتی جائیدادیں اور لگژری گاڑیاں شامل تھیں۔
نیب کے مطابق یہ ریکوری منظم اور جامع تحقیقات کا نتیجہ ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ کوہستان مالیاتی کرپشن کیس میں سرکاری فنڈز سے 37 ارب روپے سے زائد کی خرد برد کی گئی، جس کی تحقیقات اور ریکوری کا عمل بدستور جاری ہے۔





