ملک بھر میں موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، نئی ٹیرف شیٹس جاری کر دیں

ملک بھر میں موبائل صارفین کے لیے کال اور انٹرنیٹ پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مختلف ٹیلی کام کمپنیوں نے اپنے ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز مہنگے کر دیے ہیں، جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نئے ٹیرف اور پیکجز کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 ہائبرڈ اور صرف ڈیٹا پیکجز کے نرخوں میں 33 فیصد تک اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ نئی ٹیرف شیٹس کے تحت مختلف دورانیے کے پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔ اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمتوں میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ تین روزہ موبائل پیکجز کی قیمت میں 21 روپے، دو روزہ پیکجز میں 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز میں 5 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں معمولی جھگڑا خونریز تصادم میں تبدیل، 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی

اتھارٹی کے مطابق صارفین کی سہولت کے لیے اپنی ویب سائٹ کے آگاہی سیکشن کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، جہاں تمام موبائل کمپنیوں کے ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی مکمل ٹیرف شیٹس دستیاب ہیں۔

پی ٹی اے نے بتایا کہ نئی ٹیرف شیٹس میں مختلف کمپنیوں کے موجودہ پیکجز، ان کی قیمتیں، دورانیہ، انٹرنیٹ ڈیٹا، کال منٹس اور دیگر سہولیات کی مکمل تفصیلات شامل کی گئی ہیں، تاکہ صارفین مختلف آپریٹرز کے پیکجز کا آسانی سے تقابلی جائزہ لے کر اپنی ضرورت کے مطابق مناسب انتخاب کر سکیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام سیکٹر میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کے مفادات کا تحفظ اس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ کمپنیوں کے ٹیرف میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق بروقت معلومات عوام تک پہنچانے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Scroll to Top