کامران علی شاہ
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے ایڈووکیٹ جنرل آفس میں قانونی امور کو مزید مؤثر بنانے اور سرکاری مقدمات کی پیروی کو مضبوط کرنے کے لیے 10 نئے لاء افسران کی تقرریاں کر دی ہیں۔
اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عالم خان اندینزئی، سحرش منور اور سیف الرحمن کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل مقرر کیا گیا ہےجبکہ ملک اختر حسین اعوان کو ایڈووکیٹ آن ریکارڈ تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح عابد الرحمن، شاہد خان، محمد فرقان، یاسر سلیم، محمد عدنان شیر اور سید بلال شفیع اندرابی کو اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کے عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق نئی تقرریوں کا مقصد ایڈووکیٹ جنرل آفس کی استعداد کار میں اضافہ، عدالتوں میں سرکاری مقدمات کی مؤثر پیروی کو یقینی بنانا اور قانونی معاملات کو مزید منظم انداز میں نمٹانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیپراسمیت اعلی افسران کے تبادلے
قانونی حلقوں نے نئی تقرریوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان لاء افسران کی شمولیت سے ایڈووکیٹ جنرل آفس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، عدالتوں میں حکومتی مؤقف زیادہ مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے گا اور عوامی مفاد سے متعلق مقدمات کی بروقت پیروی ممکن ہو سکے گی۔





