مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، مرد و خواتین خودکش بمبارسمیت متعدد گرفتار

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی اس کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

حالیہ دنوں میں کھڈ کوچہ کے علاقے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کے بعد فورسز نے کارروائیاں تیز کر دی تھیں۔ فی الوقت علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے تمام صورتحال پر مکمل نگرانی برقرار رکھی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مستونگ میں افسوسناک واقعہ! قومی شاہراہ پر فائرنگ، سیشن جج گن مین سمیت شہید

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فورسز کی جانب سے اس نوعیت کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Scroll to Top