وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کر دیا ہے۔
ترقّی پانے والے فور اسٹار جنرل عامر رضا اس سے قبل پاک فوج میں چیف آف جنرل اسٹاف کے انتہائی اہم عہدے پر اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔
مسلح افواج کی میرٹ اور قابلیت کی درخشندہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کر دیا گیا ہے۔
شاندار عسکری کیریئر اور قیادت
جنرل عامر رضا کی فور اسٹار رینک پر ترقی ان کے ایک ممتاز اور بے داغ پیشہ ورانہ کیریئر کا نتیجہ ہے، فور اسٹار جنرل مقرر ہونے سے قبل وہ جنرل ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں بطور چیف آف جنرل اسٹاف اپنے فرائض انجام دے رہے تھےجو کہ ایک ایسا کلیدی عہدہ ہے جو اعلیٰ اسٹریٹجک بصیرت، عملی بصارت اور عسکری امور کی گہری سمجھ بوجھ کا تقاضا کرتا ہے، پاک فوج کی جنرل اسٹاف برانچ کے سربراہ کی حیثیت سے ان کے تجربے کی بدولت وہ اس نئے اور اہم کردار کے لیے انتہائی موزوں اور صاحبِ صلاحیت شخصیت شمار کیے جاتے ہیں۔
تکنیکی اور دفاعی مہارت
دفاعی اور تکنیکی امور پر فور اسٹار جنرل عامر رضا کو گہرا عبور حاصل ہے۔ خاص طور پر بطور ڈائریکٹر جنرل ویپنز اینڈ ایکوئپمنٹ اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا ان کا وسیع تجربہ، انہیں ‘کمانڈر، نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ سے منسلک جدید اور تکنیکی ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے منتقلی اور دیکھ بھال کے لیے ایک انتہائی مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
آرمڈ کور سے اعلیٰ ترین عہدے تک کا سفر
آرمڈ کور سے تعلق رکھنے والے جنرل عامر رضا کا پاک فوج میں کمانڈ، اسٹاف اور ادارہ جاتی سطح کی مختلف اہم ترین ذمہ داریوں پر ایک شاندار کیریئر رہا ہے جو ان کے وسیع پیشہ ورانہ تجربے اور تکنیکی صلاحیتوں کا بین ثبوت ہے۔
میرٹ اور اعلیٰ قابلیت کا اعتراف
ان کی یہ اہم ترین تعیناتی پاک مسلح افواج کے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے جس کے تحت اعلیٰ ترین عسکری و قومی ذمہ داریوں کے لیے افسران کا انتخاب محض پیشہ ورانہ میرٹ، قابلیت اور تجربے کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، اپنے کثیر الجہتی تجربے اور صلاحیتوں کی بدولت وہ اس نئے ہیڈ کوارٹر کے لیے بلا شبہ بہترین انتخاب ہیں، جو اسٹریٹجک امور میں ایک مرکزی اور کلیدی ڈومین کے طور پر کام کرے گا۔





