فضل نبی
نوشہرہ کے تھانہ اضاخیل کی حدود ڈاگ اسماعیل خیل میں پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح افراد نے نمازِ جمعہ کے بعد گھر جاتے ہوئے گورنمنٹ ڈگری کالج پبی کے فزکس کے پروفیسر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتول کے بیٹے اسد اللہ کی مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ رپورٹ درج کراتے ہوئے اسد اللہ نے بتایا کہ وہ اپنے والد، پروفیسر شاد منیر خٹک ولد اعظم خان (ساکن ڈاگ اسماعیل خیل)کے ہمراہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد واپس گھر جا رہے تھے کہ راستے میں ملزمان عابد رحیم، ابراہیم (پسران فضل رحیم) اور گوہر ولد محمد رحیم (ساکنان نتھوخیل) نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پروفیسر شاد منیر موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ مقتول کے بیٹے کے مطابق واقعے کی وجہ عناد فریقین کے درمیان چلی آنے والی پرانی دشمنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : رستم: نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ، نوجوان جاں بحق
واقعے کے بعد نامزد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئےجبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔





