معروف امریکی اداکارہ کیلی ہوٹل ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئیں

واشنگٹن: ہالی ووڈ فلم Godzilla vs. Kong میں جیا کا کردار ادا کرنے والی معروف امریکی اداکارہ کیلی ہوٹل ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق افسوسناک حادثہ امریکی ریاست میری لینڈ کے علاقے ایجامزوِل میں پیش آیا، جہاں اداکارہ ایک گاڑی میں سوار تھیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق تیز رفتاری کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود ایک کلورٹ (آبی گزرگاہ) سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد کیلی ہوٹل کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

پولیس حکام کے مطابق حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر تیز رفتاری کو ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

کیلی ہوٹل پیدائشی طور پر سماعت سے محروم تھیں اور انہوں نے فلم Godzilla vs. Kong میں جیا کے کردار سے عالمی شہرت حاصل کی۔

ان کی اداکاری کو شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی، جبکہ انہوں نے فلمی دنیا میں سماعت سے محروم افراد کی نمائندگی کے حوالے سے بھی نمایاں مقام حاصل کیا۔

اداکارہ کے انتقال پر مداحوں اور فلمی حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top