پشاور: خیبرپختونخوا پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 24 سے 27 جولائی تک صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے امکان کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ حساس علاقوں میں مقامی ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں فلیش فلڈ کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کھڑی فصلوں، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کی مسلسل نگرانی کی جائے جبکہ بارشوں کے دوران اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھنے کے اقدامات کیے جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122 کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹیموں کی بروقت تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 5 اگست کا جلسہ سیمی فائنل ہوگا، آئندہ کا لائحہ عمل قوم کے سامنے رکھیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
ترجمان کے مطابق سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے اور سیلابی پانی عبور کرنے سے اجتناب کریں۔
والدین سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران بچوں کو ندی نالوں، کھڑے پانی اور کھلے گڑھوں سے دور رکھیں، جبکہ کسان فصلوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور مویشی پال افراد اپنے جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی کر رہا ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر دی جا سکتی ہے۔





