پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے کنوینس (سفری) الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے صوبے کے ہزاروں ملازمین مستفید ہوں گے۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے کنوینس الاؤنس میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق گریڈ 1 سے گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے تمام سرکاری ملازمین کے سفری الاؤنس میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 سے 4 تک کے ملازمین کا ماہانہ کنوینس الاؤنس 1 ہزار 785 روپے سے بڑھا کر 2 ہزار 677 روپے کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح گریڈ 5 سے 10 تک کے ملازمین کا سفری الاؤنس بڑھا کر 2 ہزار 898 روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 11 سے 15 تک کے ملازمین کے لیے کنوینس الاؤنس میں اضافے کے بعد یہ رقم 4 ہزار 284 روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
اعلامیے کے مطابق گریڈ 16 سے 20 اور اس سے اوپر کے افسران کا ماہانہ سفری الاؤنس بڑھا کر 7 ہزار 500 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت خیبرپختونخوا کے اس فیصلے کو سرکاری ملازمین کے لیے مالی ریلیف قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر مہنگائی کے باعث بڑھتے ہوئے روزمرہ اخراجات کے تناظر میں اسے اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی سرکاری ملازمین کے لیے کنوینس الاؤنس میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ کابینہ نے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کے سفری الاؤنس میں اضافے کی منظوری دی ہے۔





