محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں سابق کپتان عمران خان کو پیچھے چھوڑ دیا

پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق کپتان عمران خان کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عباس نے دوسری اننگز کا بھی شاندار آغاز کیا اور اپنے تیسرے اوور میں برینڈن کنگ اور کیوم ہوج کو آؤٹ کرکے ٹیم کو اہم کامیابیاں دلائیں۔

ان دو وکٹوں کے بعد محمد عباس کی ٹیسٹ کرکٹ میں بولنگ اوسط 22.69 ہوگئی، جس کے ساتھ وہ پاکستان کی جانب سے کم از کم 100 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولرز میں بہترین بولنگ اوسط رکھنے والے بولر بن گئے۔ اس سے قبل یہ اعزاز سابق کپتان عمران خان کے پاس تھا، جن کی بولنگ اوسط 22.81 تھی۔

محمد عباس نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک 30 ٹیسٹ میچز میں 116 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ عمران خان نے 88 ٹیسٹ میچز میں 362 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔

پاکستانی فاسٹ بولرز میں بہترین ٹیسٹ بولنگ اوسط رکھنے والوں کی فہرست میں محمد عباس پہلے، عمران خان دوسرے اور وقار یونس تیسرے نمبر پر ہیں۔ وقار یونس نے 87 ٹیسٹ میچز میں 373 وکٹیں 23.56 کی اوسط سے حاصل کی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : پہلا ٹیسٹ، پاکستان 282 رنز پر آؤٹ، ویسٹ انڈیز کو برتری حاصل

محمد عباس نے ایک اور سنگ میل بھی عبور کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں بیرونِ ملک 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اس فہرست میں وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل بھی شامل ہیں، تاہم ان تمام بولرز کے مقابلے میں محمد عباس کی بولنگ اوسط سب سے بہتر ہے۔

دوسری جانب ٹروبا میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ تیسرے روز کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے ہیں اور میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل ہے۔

Scroll to Top