پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی اور پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا پولیس نے امن کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو حملہ: اے این پی کی شدید مذمت، دہشت گردی کے خلاف فوری اور فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ
محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پولیس فورس کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔





