گرمیوں کی چھٹیاں کب ختم ہوں گی؟ طلبہ کیلئے بڑی خبر

نجی سکولوں کی نمائندہ تنظیم نے پنجاب حکومت سے گرمیوں کی تعطیلات کا دورانیہ کم کرنے اور تعلیمی ادارے مقررہ تاریخ سے پہلے کھولنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پرائیویٹ سکول سلوشنز آف پاکستان کے زیر اہتمام ہونے والے اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، حکومتی پابندیوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت تنظیم کے صدر ملک عبدالصمد نے کی۔ شرکاء نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ موجودہ شیڈول کے مطابق 24 اگست 2026 کو سکول کھولنے کے بجائے نجی تعلیمی اداروں کو 3 اگست 2026 سے تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔

نجی سکولوں کی تنظیم کا کہنا تھا کہ سکول جلد کھولنے سے طلبہ کا تعلیمی نقصان نہیں ہوگا بلکہ نصاب کی بروقت تکمیل اور تدریسی عمل میں تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ طویل تعطیلات کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، اس لیے حکومت کو تعلیمی اداروں کو جلد کھولنے کی اجازت دینی چاہیے تاکہ طلبہ کی پڑھائی کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور بورڈ نے میٹرک نتائج سے متعلق جعلی پریس ریلیز مسترد کر دی

اس موقع پر ملک عبدالصمد نے تمام غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی تقاضے پورے کرنے والے ادارے ہی مستقل بنیادوں پر تعلیمی خدمات بہتر انداز میں جاری رکھ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی سکولوں اور کالجوں کے لیے 22 مئی 2026 سے 23 اگست 2026 تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت تعلیمی ادارے پیر 24 اگست 2026 کو دوبارہ کھلنے ہیں۔

نجی سکولوں کی تنظیم اب حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ تعطیلات میں کمی کرتے ہوئے اداروں کو 3 اگست سے کھولنے کی اجازت دی جائے۔

Scroll to Top