ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے دی

گیانا: ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں برتری حاصل کر لی۔

برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 120 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار رہی۔ اوپنرز سمیت کئی اہم بلے باز کم اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اذان اویس، امام الحق اور شان مسعود صرف 3،3 رنز بنا سکے، جبکہ سلمان آغا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے علی عثمان نے 2، خرم شہزاد نے 4 رنز بنائے، جبکہ عامر جمال اور محمد علی بھی کوئی رن نہ بنا سکے۔ کپتان بابر اعظم نے مزاحمت کرتے ہوئے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ پاکستان کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ مجموعی طور پر پاکستان نے ٹیسٹ میں اچھی کرکٹ کھیلی، تاہم آخری روز بیٹنگ لائن توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکی۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ نئی گیند سے مشکلات کا اندازہ تھا، لیکن مسلسل وکٹیں گرنے سے دباؤ بڑھ گیا۔ ان کے مطابق 211 رنز کا ہدف حاصل کیا جا سکتا تھا اور پاکستان اگلے ٹیسٹ میں بہتر کھیل کے ساتھ کم بیک کرنے کی کوشش کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پہلا ٹیسٹ، پاکستان 282 رنز پر آؤٹ، ویسٹ انڈیز کو برتری حاصل

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز سے کیا اور پوری ٹیم 181 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کو مجموعی طور پر 210 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے بولنگ میں محمد عباس نے 5 وکٹیںحاصل کیں، جبکہ خرم شہزاد اور محمد علی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 311 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 282 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پہلی اننگز کے بعد حاصل ہونے والی برتری کو برقرار رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے میچ اپنے نام کر لیا۔

Scroll to Top